(لاہور نیوز) محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے قانون شکن عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا، جون کے مہینے میں کی گئی سنیپ چیکنگ اور ناکوں پر مجموعی طور پر 13 ہزار 700 گاڑیوں اور دیگر وہیکلز کی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 480 بغیر کاغذات وہیکلز اور 23 اپلائیڈ فار موٹر سائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے فیلڈ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناکہ جات پر چیکنگ اور گشت کو مزید موثر بنایا جائے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری اور مؤثر رسپانس کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور حساس مقامات پر کڑی نگرانی جاری ہے۔
