24 Jun 2025
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کمر کس لی۔
سمن آباد، مزنگ اور معروف فوڈ سٹریٹ میں ناشتہ پوائنٹس پر بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 29 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔
کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 4 لاکھ 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ ناقص کوکنگ آئل، باسی سبزیاں، غیر معیاری دودھ اور اشیا کو تلف کر دیا گیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے موقع پر صفائی کے ناقص انتظامات، زائد المیعاد اشیا کی موجودگی اور غیر محفوظ کھانے کی تیاری پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد کاروباری مالکان کو تنبیہ جاری کی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناشتہ پوائنٹس کو بہتری کیلئے اصلاحی نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں تاکہ آئندہ ایسی خلاف ورزیاں نہ دہرائی جائیں۔
