(لاہور نیوز) محرم الحرام کی آمد، پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس میں 12 ہزار 174 مشتبہ افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 373 کومبنگ آپریشنز کیے گئے ہیں جس میں 35 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے، اس کے ساتھ ساتھ 23 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے گئے جس میں 2549 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ان آپریشنز کے درمیان 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سنگین جرائم میں ملوث 228 اشتہاری، 85 عدالتی مفرور اور 56 عادی مجرمان کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق جرائم پیشہ و مشتبہ افراد سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، دوران آپریشنز جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیوں میں 4 مجرم کیفر کردار کو پہنچے جبکہ 6 زخمی حالت میں گرفتار کئے گئے ہیں۔
