(لاہور نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے، شہریوں کیلئے گوشت، انڈے، سبزیاں اور پھل خریدنا ایک چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 29 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 403 روپے فی کلو ہو گئی ہے، تاہم فارمی انڈوں کی فی درجن قیمت 244 روپے پر برقرار ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 7,200 روپے میں دستیاب ہے۔
ادھر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ٹینڈے 250 روپے، میتھی 160 روپے، آلو 100 روپے، کھیرا، کریلے اور بند گوبھی 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، پالک کی قیمت بھی 80 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
پھلوں کی قیمتیں بھی عام شہری کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں، سیب 600 روپے، پپیتا 550 روپے، آڑو 320 روپے جبکہ آم (سندھڑی) 300 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
