(لاہور نیوز) ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو، روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہونے لگا۔
شہری کم قیمت اشیا کے منتظر، لیکن بازاروں میں سبزی، پھل اور دیگر اشیا بدستور مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔
مرغی کے گوشت کی قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 29 روپے کمی کے بعد 403 روپے ہو گئی، زندہ برائلر کی ہول سیل قیمت 264 روپے اور پرچون نرخ 278 روپے فی کلو مقرر کئے گئے ہیں، فارمی انڈے بھی 20 روپے سستے ہو کر 244 روپے فی درجن دستیاب ہیں۔
دوسری جانب سبزی اور پھل بدستور مہنگے داموں بیچے جا رہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ خودساختہ مہنگائی نے کچن کا بجٹ تباہ کر دیا ہے، بازاروں میں میتھی 160 روپے، آلو 100 روپے، اور پالک 80 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
پھلوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، سیب 600 روپے، پپیتا 550، آڑو 320 اور آم سندھڑی 300 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہیں، جس کے باعث شہری پریشان ہیں اور حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
