(لاہور نیوز) سانحہ نو مئی تھانہ شادمان نذر آتش سمیت چار مقدمات کا جیل ٹرائل ہوا، عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش سمیت 3 مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت 21 جون جبکہ زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ کی سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیس کی سماعت کی، پراسیکیوشن کے پانچ گواہان نے ملزمان کیخلاف شہادت قلمبند کرائی، تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں گواہان نے شہادت ریکارڈ کرائی جبکہ مغل پورہ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرائے۔
دوران سماعت جیل میں ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی، مقدمات کے بر ضمانت ملزمان حاضری کیلئے پیش ہوئے، شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر زیر حراست ملزموں کی حاضری مکمل کی گئی جبکہ بر ضمانت ملزموں میں صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ راجہ، خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر شامل تھے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کارکنوں کو نو مئی کو بغاوت اور فسادات پر اکسانے کے الزام میں پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔
