(ویب ڈیسک) عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی پنجاب بھر میں مویشی منڈیاں سج گئی ہیں، جبکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
لاہور میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 1000 پولیس افسران اور جوان تعینات کئے گئے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق بیوپاریوں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں قائم 230 مویشی منڈیوں پر مجموعی طور پر 4000 سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی منظوری کے بغیر کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہ دی جائے اور غیرقانونی منڈیوں و سیل پوائنٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں کو نوسربازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ عناصر سے بچانے کے لئے مربوط پٹرولنگ پلان بھی تیار کر لیا گیا، پنجاب پولیس کے مطابق ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ اور دیگر سکیورٹی فورسز پر مشتمل 284 پٹرولنگ ٹیمیں صوبے بھر میں مویشی منڈیوں کے اطراف گشت کریں گی۔
