(لاہور نیوز) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہر چیز لوگوں کے سامنے ہے دفاعی حکمت عملی سے بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بھارت ابہام پیدا کرتا ہے، پاکستان نے میزائل اٹیک کیا، پاکستان کو انٹرنیشنل قوانین کے مطابق دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے دفاعی حکمت عملی سے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، ہم نے بھارتی ڈرونز کو بھی مار گرایا، جہاں سے بھارت اٹیک کر رہا تھا ہم نے ان کو نشانہ بنایا۔
مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ ہمارے بھرپور جواب سے بھارت کی مرمت ہو گئی ہے، بھارت کو دنیا میں ہزیمت اٹھانا پڑی، ہم نے سفارتی محاذ پر زبردست قوم ہونے کا ثبوت دیا، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، پوری دنیا میں پاکستان میڈیا کی عزت بڑھی ہے، بھارتی میڈیا کی پوری دنیا کے سامنے بدنامی ہوئی۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا ہمارے ساتھ کھڑی ہے، دنیا جانتی ہے بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا اور ہم نے اپنا دفاع، ہم پہلگام واقعہ کے وقت سے ہی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہمارے دوست ممالک کا دنیا میں ایک اہم کردار ہے۔
