پاکستان اور بھارت نے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، سیزفائر نافذ العمل ہو گیا: اسحاق ڈار
(لاہور نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج شام ساڑھے 4 بجے سے سیزفائر نافذ العمل ہو گیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور سلامتی کے لئے کوشش کی ہے، پاکستان نے امن کی کاوشوں میں اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس سارے معاملے کو لیڈ کیا، جنگ بندی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
نریندر مودی اور شہباز شریف نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا: امریکی وزیر خارجہ
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، وزیراعظم نریندر مودی اور شہباز شریف نے دانشمندی اور قیادت کا مظاہرہ کیا۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اہم مسائل پر بات چیت کے لئے غیر جانبدار مقام پر ملاقات کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر وینس نے بھارتی و پاکستانی رہنماؤں سے مذاکرات کئے، مذاکرات میں بھارتی اور پاکستانی آرمی چیف اور قومی سلامتی کے مشیروں نے بھی شرکت کی۔
مارکو روبیو نے کہا کہ ہم وزیراعظم مودی اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور دور اندیشی کو سراہتے ہیں۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان امن بات چیت کا آغاز اور بھارتی و پاکستانی قیادت کی جانب سے امن کی راہ کا انتخاب خوش آئند قرار دیا گیا۔
