(ویب ڈیسک) ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کی جانب سے شہر بھر میں انسداد تجاوزات کے تحت گرینڈ آپریشن جاری ہے، اب تک 2200 سے زائد تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں جبکہ 25 ٹرک سامان ضبط کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشن شاہ عالم مارکیٹ، انارکلی، مال روڈ اور دیگر مصروف علاقوں میں مؤثر طریقے سے جاری ہے، اس مہم کا مقصد شہر کی خوبصورتی کی بحالی اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔
آپریشنز کی نگرانی چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا کر رہے ہیں جبکہ ایم او ہیڈکوارٹرز کاشف جلیل کی قیادت میں ٹیمیں متحرک ہیں، آپریشن کے دوران سینکڑوں غیرقانونی بینرز اور پوسٹرز کو بھی ہٹا دیا گیا ہے جبکہ دو سنگین خلاف ورزیوں پر ایف آئی آرز بھی درج کی گئی ہیں۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے کا مشن کامیابی سے جاری ہے، شہریوں کو وسیع سڑکوں، بہتر ٹریفک نظام اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی جاری رہے گی۔
