06 May 2025
(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نان چپ شناختی کارڈز رکھنے والے شہریوں کیلئے نئی سہولیات اور نظرثانی شدہ فیس سٹرکچر کا اعلان کر دیا۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نان چپ شناختی کارڈز اب اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہوں گے جن میں رنگین تصویر، بہتر شناختی تصدیق اور ہر کارڈ پر ایک خصوصی کیو آر کوڈ شامل ہو گا۔
اس کی مدد سے شہری نادرا کی موبائل ایپ "پاک آئی ڈی" کے ذریعے اپنے شناختی کارڈ کے ڈیجیٹل ورژن تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
نئے فیس سٹرکچر کی تفصیل کے مطابق نارمل کارڈ 400 روپے، ارجنٹ کارڈ 1150 روپے، ایگزیکٹو کارڈ 2150 روپے ہے۔
مزید برآں اعضا کے عطیہ دہندگان اور معذور افراد کے کارڈز پر مخصوص نشانات شامل کئے جائیں گے تاکہ ایمرجنسی یا خصوصی سہولت کے موقع پر ان کی آسان شناخت ممکن ہو سکے۔
