(لاہور نیوز) انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن جاری ہے، ڈی سی کی ہدایت پر 3 ہزار سے زائد تجاوزات ختم کر دی گئیں،29 ٹرک سامان ضبط کر لئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق شہرکی خوبصورتی کیلئے تجاوزات کا خاتمہ جاری ہے، ڈی سی سید موسیٰ رضا کی قیادت میں شہر بھر میں انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشن جاری ہے،چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا آپریشنز کی نگرانی کررہے ہیں۔
میٹروپولیٹن آفیسرریگولیشن ہیڈکوارٹرز کاشف جلیل کی سربراہی میں ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں،انارکلی، اردو بازار، شاہ عالم مارکیٹ سمیت کئی علاقوں میں آپریشن جاری ہے،مال روڈ، جی ٹی روڈ، کالج روڈ پر بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے،مصری شاہ، موچی گیٹ،سبزہ زار، نیاز ٹاؤن اور جوبلی ٹاؤن میں بھی گرینڈ آپریشن کیا گیا،تجاوزات مافیا کے خلاف ایکشن کے دوران 29 ٹرک سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
شہر بھر سے 3 ہزار سے زائد مستقل و عارضی تجاوزات کا صفایا کرکے2 مقدمات درج کئے گئے، بڑی تعداد میں غیر قانونی بینرز، پوسٹرز اور سٹیمرز بھی ہٹا دیئے گئےمتعدد کو نوٹسز جاری کر دیا گیا۔
ڈی سی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ تجاوزات کا خاتمہ شہر کی خوبصورتی بحال کرے گا۔
