(لاہور نیوز) شہر لاہور میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے اور ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں قدرے کمی آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا پارہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے لگی۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ 8 مئی سے مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، 8 سے 10 مئی تک لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش برسنے کا امکان ہے۔
ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حدوں کو چھونے لگی، شہر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں سے بڑھ کر پہلے نمبر پر آ گیا، شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہونے لگے، لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 176 ریکارڈ کیا گیا جو عالمی معیار کے مطابق صحت کیلئے مضر ہے۔
ڈی ایچ اے فیز 8 میں سب سے زیادہ آلودگی ریکارڈ کی گئی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 249 تک پہنچ گیا، جی سی یو میں 232، غازی روڈ انٹرچینج میں 172، پولو گراؤنڈ کینٹ میں 170، عسکری 10 میں 164، گلبرگ میں 160، اڈا پلاٹ رائیونڈ روڈ میں 155، یو سی پی میں 144، یو ایم ٹی میں 129 اور مال روڈ پر 108 ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے، ماسک استعمال کرنے اور بچوں و بزرگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
