(ویب ڈیسک) آئی جی پنجاب نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
آئی جی پنجاب نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات کی مکمل سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ نمازِ جمعہ کے موقع پر علاقائی مساجد کا دورہ کریں اور نماز کے بعد شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر حل کریں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اسلام کی روح اور تعلیمات کے مطابق مساجد کو کمیونٹی سے رابطے کا مرکز بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کی پولیس تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے کی اصلاح اور ترقی میں مساجد کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، سینئر افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساجد کے ذریعے شہریوں کے دروازے پر جا کر ان کے مسائل سنیں اور ان کا ازالہ کریں۔
