01 May 2025
(لاہور نیوز) شہر لاہور کے علاقہ کاہنہ میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔
پولیس کے مطابق شوہر نے اہلخانہ کے ساتھ مل کر خاتون فاطمہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، فاطمہ کی علی اعظم سے 5 سال قبل شادی ہوئی تھی، مقتولہ اور ملزم کے درمیان گھریلو ناچاقی پر اکثر جھگڑا رہتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ فاطمہ نے ویلنشئا ٹاؤن کے علی اعظم سے دوسری شادی کر رکھی تھی، فاطمہ پر اسکے شوہر علی اعظم اور سوتیلے بیٹے ریان علی نے تشدد کیا، ملزم تشدد کر کے مقتولہ کو ایور کیئر ہسپتال واپڈا ٹاؤن لے گئے جہاں پر ہسپتال انتظامیہ نے مقتولہ کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانہ بھجوا دیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جلد ہی ملزم پولیس کی گرفت میں ہو گا۔
