(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے شہر لاہور میں مختلف جگہوں سے دو افراد کی نہر میں ڈوبتی نعشیں برآمد ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق فیصل خان کے اغوا کا مقدمہ تھانہ شمالی چھاونی میں درج تھا، مقتول کی نعش ٹھوکر کے قریب نہر سے برآمد ہوئی ہے، پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکھٹے کر لئے ہیں جبکہ نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانہ بجھوا دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں جلد ہی اصل قتل کے اصل حقائق اور ملزمان منظر عام پر آ جائیں گے۔
اسی طرح سوزو واٹر پارک کنال روڈ نہر کے قریب سے بھی ایک نعش برآمد ہوئی، ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر غوطہ خور ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش کو نہر سے نکالا اور پولیس کے حوالے کیا، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران متوفی کی شناخت 50 سالہ محسن کے نام سے ہوئی ہے، نعش کو مردہ خانہ منتقل کرنے کے بعد متوفی کے ورثاء کی تلاش جاری ہے۔
