(لاہور نیوز) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل کوہاٹ نے چھاپہ مار کاروائی میں انتہائی مطلوب اور بدنام انسانی اسمگلر گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی شناخت افتخار علی کے نام سے ہوئی، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا، ملزم ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل مردان، اے ایچ ٹی سی راولپنڈی اور اے ایچ ٹی سی اسلام آباد سرکل کو متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے نیوزی لینڈ، رومانیہ اور سعودی عرب کے ورک ویزوں کا جھانسہ دے کر معصوم شہریوں سے کروڑوں روپے ہتھیا لیے، ملزم کروڑوں روپے ہتھیا کر روپوش ہو گیا تھا اور شہریوں کو ویزہ دینے میں ناکام رہا، گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم نے اپنا آبائی علاقہ صوابی چھوڑ کر راولپنڈی میں رہائش اختیار کر لی تھی۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی ملزم کیخلاف متعدد شکایات اور انکوائریاں زیر التوا ہیں۔
