(لاہور نیوز) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹروبس اور اورنج ٹرین میں بھکاری مافیا کی روک تھام کیلئے ایک نیا سکیورٹی پلان مرتب کر لیا۔
میٹروبس اور اورنج ٹرین سٹاپس پر بھکاریوں کی بھرمار ہے، ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں، شاہدرہ سے گجومتہ اور علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجراں تک میٹرو بس اور اورنج ٹرین کے سٹاپس پر بھکاریوں کے ڈیرے ہیں، بھیک مانگ کر مسافروں کو پریشان کرنے لگے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ انکار پر بھکاریوں کی جانب سے بدتمیزی کی جاتی ہے، خواتین اور بزرگ مسافر خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے۔
مسافروں کی مسلسل شکایات پر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ایکشن لے لیا، اتھارٹی کی جانب سے نیا سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا، ہر میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا، سکیورٹی اہلکار بھکاریوں کو بسوں اور ٹرینوں میں داخل ہونے سے روکیں گے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھکاریوں کی مانیٹرنگ بھی ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بہتر، باوقار اور پرامن سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، بھکاریوں کے خلاف مہم میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
