پوپ فرانسس کی رحلت دنیا اور مسیحی برادری کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے: وزیر اعظم

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوپ فرانسس کی رحلت پوری دنیا، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
سی ایم سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب اور امن و سلامتی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن، اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے، ان کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا پوپ فرانسس کا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لیے بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا، پوپ فرانسس کا گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا بیان ان کی پرامن و انسانیت کی محبت سے بھرپور شخصیت کی عکاسی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوپ فرانسس کی رحلت پوری دنیا، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ویٹی کن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔