
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، 7 روزہ مہم میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب کے تمام اضلاع میں ویکسین، لاجسٹکس کی سپلائی مکمل ہو چکی ہے، پنجاب بھر میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب بھر میں 2 لاکھ سے زائد ورکرز ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، لاہور میں 14 ہزار سے زائد ورکرز، راولپنڈی میں 9 ہزار سے زائد ورکرز انسداد پولیو مہم میں حصہ لے رہے ہیں، ملتان میں 10 ہزار سے زائد ورکرز مہم کا حصہ ہیں۔
سربراہ انسداد پولیو پروگرام عدیل تصور کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں سات روزہ پولیو مہم شروع ہو رہی ہے، والدین سے گزارش ہے اس قومی فریضے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں، پولیو ایک خطرناک مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور کر سکتا ہے، ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا براہِ کرم پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، جب بھی ٹیمیں آپ کے دروازے پر آئیں، بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔