وزیر اعلیٰ پنجاب نے سپیشل افراد کیلئے معاون آلات کے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سپیشل افراد کیلئے معاون آلات کے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر مریم نواز نے ایک چھ سالہ بچے سہیل کو ”بایونکس“ ٹیکنالوجی کے مصنوعی بازو لگوائے۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف کرنٹ لگنے سے کہنی کے نیچے بازو سے محروم عقیل کو سٹیج پر خود لے کر آئیں، دماغ سے خود کار سگنل ملنے پر حرکت کرنے والے بازو کی تنصیب سے ننھے سہیل کی زندگی بدل گئی، کم سن سہیل نے حادثے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے دونوں ہاتھوں کو حرکت دی۔
.jpg)
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ننھے سہیل سے ہاتھ ملایا اور اسے پیار کرتے ہوئے اسکی حوصلہ افزائی کی، مریم نواز کم سن سہیل کو اپنے ساتھ سٹیج سے واپس لائیں اور سپیشل افراد کیلئے معاون آلات کے سب سے بڑے پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔
مریم نواز نے خود کار وہیل چیئر، پیڈز وہیل چیئر، ٹرائی وہیل سکوٹی و دیگر معاون آلات دیئے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی، تقریب میں پنجاب بھر سے 300 سے زائد سپیشل افراد نے شرکت کی جبکہ دو بچیوں عائزہ اور عائشہ نے وزیر اعلیٰ کی آمد پر انکا خیر مقدم کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے۔
.jpg)
وزیر اعلی مریم نواز تقریب میں سپیشل افراد کے درمیان بیٹھ گئیں اور ایک ننھی بچے کو بھی ساتھ بٹھا لیا اور اسے پیار کیا، قوعت گویائی سے محروم بچوں نے تقریب میں قومی ترانے اور ترجمہ تلاوت کو اشاروں کی زبان میں بیان کیا، صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب میں پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں سپیشل افراد کو ایک ارب کے مصنوعی اعضا، آلہ سماعت، وہیل چیئر اور دیگر آلات مفت دئیے جائیں گے، سپیشل افراد کو مینوئل وہیل چیئر، رولیٹر، ٹرائی سائیکل،الیکٹرک اور موٹررائزڈ وہیل چیئر دئیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائی موٹر سائیکل، واکنگ واکر، فریم موبائل ٹائلٹ چئیر، پیڈز وہیل چیئر اور کنٹرولڈ وہیل چیئر بھی دی جائے گی جبکہ سپیشل افراد کو ضرورت کے مطابق آلہ سماعت اور مصنوعی اعضاء بھی مفت فراہم کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر جدید اور مہنگی ترین مصنوعی انسانی اعضا کی ٹیکنالوجی ”بایونکس“ کا آغاز کیا گیا ہے۔
