
(لاہور نیوز) عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کی استدعا عدالت نے منظور کر لی۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس نے کی، عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں اور سزا معطلی کی جلد سماعت کی درخواستیں منظور کر لیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں 2 ہفتوں میں مقرر کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں بھی ساتھ دیکھ لیں گے۔
دورانِ سماعت وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سزا معطلی کی درخواستیں بھی مقرر کرنے کی تاریخ دے دیں، جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ڈویژن بینچ نے کیسز مقرر کرنے سے متعلق جوڈیشل آرڈر جاری کر دیا ہے، جوڈیشل آرڈر کے بعد ہم ڈائریکٹ کوئی تاریخ نہیں دے سکتے۔ ہم سزا کے خلاف اپیلوں کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں بھی دیکھ لیں گے۔
عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل ظہیر عباس ایڈووکیٹ اور عثمان گل پیش ہوئے جب کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔