(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ ن عابد شیر علی نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا جمہوری لوگوں کو گالیاں نہ دیں۔
اسلام آباد سے جاری فیصل واوڈا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ جمہوری لوگوں کو لاشیں کہتے ہیں، کیا فیصل واوڈا نے قائد اعظم، لیاقت علی خان، فاطمہ جناح کو بھی جمہوری لاش کہہ دیا، جنہوں نے جمہوریت پر شب خون مارا آپ ان کو لاشیں نہیں کہہ سکتے۔
انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ میں جرأت ہے اتنی کہ ان لوگوں کو للکاریں، آپ ہم جیسے لوگوں کو لاشں کہتے ہیں؟دس سال جنرل ضیا الحق، 8 سال مشرف رہا اور ان کیخلاف بات نہیں کرتے، آپ خود سب سے بڑی لاشیں ہیں ہم ووٹ سے منتخب ہو کر آتے ہیں۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ آپ لوگ سازشیں کرتے ہیں، آپ جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید کے آلہ کار بنے، اب کبھی زندگی میں ہمیں جمہوری لاشیں نہ کہیے گا، جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید کی وجہ سے ملک دلدل میں پھنسا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ فیصل واوڈا تنقید کریں لیکن دکھ ہوا بدبودار لاشیں کہا، میٹھا میٹھا ہپ کڑوا کڑوا تھو نہیں ہو سکتا، آپ جمہوری لوگوں کو گالیاں نہ دیں، ہر جگہ اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں، ہم جمہوری لوگ اور جمہوریت زندہ باد کہنے والے ہیں۔
