
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں کار اور کمرشل گاڑیاں چرانے والے گروہ متحرک ہو گئے، رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران 63 کاریں اور 254 گاڑیاں چوری ہو گئیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق کار چوری کی وارداتوں میں ماڈل ٹاؤن ڈویژن 24 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، صدر ڈویژن میں 14، کینٹ ڈویژن میں 9، سول لائنز ڈویژن میں کار چوری کے 6 مقدمات درج ہوئے۔ اس کے علاوہ سٹی اور اقبال ٹاؤن ڈویژن سے تین ماہ کے دوران 5، 5 کاریں چوری ہوئیں۔
پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ کمرشل گاڑیاں چوری ہونے کی وارداتوں میں سٹی ڈویژن 62 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، صدر ڈویژن سے 58، ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 42 کمرشل گاڑیاں چور لے اڑے۔
اسی طرح اقبال ٹاؤن ڈویژن اور سول لائنز ڈویژن میں کمرشل گاڑیاں چوری ہونے کی 32، 32 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ کینٹ ڈویژن میں تین ماہ کے دوران کمرشل گاڑیاں چوری ہونے کے 28 وارداتیں ہوئیں جن کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔