10 Apr 2025
(لاہور نیوز) ڈولفن سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چور گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔
ملزم شہزاد ٹبی سٹی کے علاقے میں واردات کی نیت سے شہریوں کی ریکی کر رہا تھا۔ ڈولفن ٹیم نے دورانِ پٹرولنگ فیملی پارک ٹیکسالی کے قریب مشکوک شخص کو واچ آؤٹ کیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزم کو جب سرچ کے لیے روکا گیا تو وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہوگیا۔ تاہم، ڈولفن ٹیم نے تعاقب کرتے ہوئے اسے پارک گیٹ کے قریب دھر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور میگزین برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق ملزم شہزاد 36 سے زائد چوری، ڈکیتی اور گینگ کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ڈولفن سکواڈ نے گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ٹبی سٹی کے حوالے کر دیا ہے۔
