
(لاہور نیوز) تھانہ جوہر ٹاؤن کی حدود میں 38 سالہ خاتون کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل کر لیا گیا، پولیس نے مقتولہ کے آشنا اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
تھانہ جوہر ٹاؤن کے انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ ناصرہ کا آشنا محمد وقاص اور اس کا ساتھی خاور شامل ہیں۔ مقتولہ کے بیٹے نے اپنی والدہ کے اغواء کا مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کروا رکھا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد وقاص نے معمولی تلخ کلامی کے بعد خاتون ناصرہ کو منہ پر سرہانہ رکھ کر بے دردی سے قتل کیا، قتل کے بعد ملزمان نے ساتھی خاور کے ہمراہ بوری میں بند نعش رکشہ میں رکھی اور بی ایس نہر چھانگا مانگا ضلع قصور میں جا کر اسے پھینک دیا۔
تھانہ چھانگا مانگا میں خاتون کی لاش ملنے پر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جس کی تفتیش کے دوران پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے اصل ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔