
(ویب ڈیسک) پنجاب آرٹس کونسل نے عیدالفطر کے موقع پر تھیٹر میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور عریانی کے سدباب کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد تنویر ماجد اور ڈائریکٹر آپریشن مغیث بن عزیز کی جانب سے تھیٹر مالکان، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے تھیٹرز میں اخلاقی ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔
اس حوالے سے کلچرل رپورٹرز کے اعزاز میں دی گئی افطار دعوت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد تنویر ماجد نے کہا کہ تھیٹرز میں فحاشی اور غیر اخلاقی حرکات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، اس مقصد کے لیے پنجاب بھر میں ای مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ تھیٹر کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کسی کو بھی فحاشی کے مرتکب ہونے کا موقع نہیں دیا جائے گا اور جو بھی اس کے خلاف جائے گا اسے سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔