
(ویب ڈیسک) ماڈل و اداکارہ نازش جہانگیر نے خود سے متعلق مبینہ طور پر غلط معلومات پھیلانے والے افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان سے متعلق غلط خبریں پھیلانا بند نہیں کی گئیں تو وہ سب کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔
نازش جہانگیر نے انسٹاگرام سٹوری میں پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اسے نوٹس کا نام دیا اور لکھا کہ وہ اس نوٹس کے ذریعے سب کو خبردار کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ جو سوشل میڈیا پیجز، افراد اور ادارے ان سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، وہ 24 گھنٹے کے اندر اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کردیں اور ان سے معافی مانگیں۔
نازش جہانگیر نے لکھا کہ 24 گھنٹے میں ان سے متعلق پوسٹس ڈیلیٹ نہ کرنے والے اور معافی نہ مانگنے والے افراد اور سوشل میڈیا کے خلاف وہ قانونی کارروائی کریں گی۔
اداکارہ نے لکھا کہ وہ تمام سوشل میڈیا پیجز اور افراد کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کرنے کی قانونی کارروائی شروع کریں گی۔
انہوں نے سب کو خبردار کیا کہ ان کے نوٹس پر عمل نہ کرنے والے افراد اور سوشل میڈیا پیجز کے خلاف دی پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کے تحت قانونی کاروائی کی جائے گی۔
نازش جہانگیر نے لکھا کہ ان سے متعلق جھوٹی معلومات کو پھیلانا بند نہیں کیا گیا تو وہ سب کے خلاف ہتک عزت کے دعوے دائر کرنے سمیت تمام قانونی کارروائیاں کریں گی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں واضح نہیں کیا کہ ان سے متعلق کون اور کس طرح کی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں؟
انہوں نے اپنی پوسٹ میں اپنے خلاف جاری ہونے والے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا ذکر نہیں کیا۔
نازش جہانگیر کی جانب سے اپنے خلاف جھوٹی معلومات پھیلائے جانے کی پوسٹ کیے جانے سے قبل خبریں آئی تھیں کہ اداکارہ کے خلاف لاہور کی عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی کچہری عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے فراڈ کیس میں نازش جہانگیر کو 22 مارچ کو گرفتار کرکےعدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسود ہارون نامی ابھرتے ہوئے اداکار سے فراڈ کرکے پیسے اور گاڑی بٹوری اور واپس نہیں کی۔