رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ آج اختتام پذیر ہو گا، ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کی تیاریاں

(لاہور نیوز) رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ آج اختتام پذیر ہو گا، ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کی تیاریاں حتمی مراحل میں پہنچ گئیں۔
اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کیلئے آج اشخاص اعتکاف پر بیٹھیں گے، داتا دربار محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام 1800 اشخاص اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے، بادشاہی مسجد میں 500 اشخاص اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے، منہاج القرآن کے زیر اہتمام شہر اعتکاف میں 8500 مرد اور 3500 خواتین اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گی۔
مساجد میں بھی اعتکاف کے انتظامات مکمل کر لئے گئے، انتظامیہ کا کہنا ہے سحر وافطار کے انتظامات مکمل ہیں، اعتکاف پر بیٹھنے والے اشخاص کی خلوص دل سے خدمت کریں گے۔
ادھر اسلام آباد کی مساجد میں بھی اعتکاف کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، ہزاروں کی تعداد میں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے، فیصل مسجد اور اسلام آباد کی دیگر مساجد میں اعتکاف کے انتظامات مکمل کر لئے گئے، فیصل مسجد میں 600 سے زائد لوگ اعتکاف بیٹھیں گے۔
فیصل مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اعتکاف بیٹھنے والوں سے اس سال بھی کوئی فیس نہیں لی، اعتکاف بیٹھنے والوں کے کھانے پینے کیلئے مسجد کے احاطے میں سٹال لگا دیئے گئے ہیں۔