
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سابق وفاقی وزیرعدالت میں پیش ہوئے۔
فواد چودھری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم نے تمام مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے کیونکہ ایک ہی واقعہ میں الگ الگ مقدمات درج ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک کیس میں میرا فیصل آباد میں ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ میں درخواست کے فیصلہ تک مہلت دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ دلائل نہیں دینا چاہتے تو ضمانت واپس لے لیں۔
تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ فواد چودھری شامل تفتیش ہو چکے ہیں۔ پراسیکیوٹر نیئر نوید نے کہا کہ مقدمات میں تفتیش مکمل یو چکی ہے۔ فواد چوہدری نے جناح ہاؤس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 3 مقدمات میں ضمانت لے رکھی ہے۔ جبکہ انہوں نے مغلپورہ اور زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 2 مقدمات میں ضمانت دائر کر رکھی ہے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ فواد چودھری پر کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کا الزام ہے۔
عدالت نے فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ فواد چودھری پر مغلپورہ، زمان پارک اور جناح ہاؤس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 5 مقدمات درج ہیں۔