
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے شہداء کے اہلخانہ کی دیکھ بھال کے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے صوبہ بھر میں رمضان پیکج کی تقسیم مکمل کر لی۔
پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے بھر میں شہداء پولیس کے گھروں کی دہلیز پر رمضان پیکج پہنچایا گیا۔
اس موقع پر سی پی اوز، ڈی پی اوز، ایس پیز سمیت سینئر پولیس افسران نے شہداء کے گھروں کا دورہ کیا، اہلخانہ سے ملاقات کی اور انہیں پھول اور مٹھائی بھی پیش کی۔
سینئر پولیس افسران نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو رمضان المبارک کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق افسران نے شہداء پولیس کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں رمضان پیکج اور شہداء میڈلز بھی دیئے ، اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس خوشی اور غمی کے لمحات سمیت تمام تہواروں پر اپنے شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوان ہمارا فخر ہیں، آئی جی پنجاب کے مطابق رمضان پیکج کے تحت پولیس ویلفیئر فنڈ سے اشیائے خورد و نوش پر مشتمل سامان شہداء کے گھروں تک پہنچایا گیا ہے۔