پنجاب کی جیلوں میں سحری اور افطاری کے انتظامات بارے سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری

(لاہور نیوز) پنجاب کی جیلوں میں سحری اور افطاری کے انتظامات کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے تمام سپرنٹنڈنٹس جیل کو مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے کے مطابق سحری اور افطاری کے وقت جیلوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اپنی موجودگی میں سحری اور افطاری کا کھانا تقسیم کروائیں گے، سحری اور افطاری کے وقت میڈیکل سٹاف بھی جیل کے اندر موجود ہو گا۔
سپرنٹنڈنٹس جیل اور میڈیکل افسر سحری اور افطاری کے وقت میں اپنی متعلقہ جیل کے اچانک دورے کریں گے، ہر بیرک میں تراویح کے انتظامات مکمل کئے جائیں گے۔
مراسلہ میں کہا گیا کہ رمضان کی پہلی تین سحری میں سپرنٹنڈنٹس جیل خود انتظامات کی نگرانی کریں گے، مخیر حضرات سے آنے والے راشن کی چیزوں کا بھی مکمل ریکارڈ رکھا جائے، تمام چیزیں مکمل چیکنگ کے بعد جیل کے اندر بھجوائی جائیں۔
تمام ریجنز کے ڈی آئی جیز کو بھی جیلوں کے اچانک دورے کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی۔