(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ جیکب اورم نے چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل ہونے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ اس کا جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیکب اورم کا کہنا تھا کہ ہمیں جو کہا گیا ہے وہ کریں گے، پاکستان اور بنگلا دیش کے ساتھ پاکستان میں کھیل رہے ہیں اور بھارت کے ساتھ دبئی میں۔
جیکب اورم کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی ٹریننگ کے لیے پرجوش ہیں، لمبے سفر کے بعد پہنچے ہیں، دبئی میں وقت کچھ گزارا، ہم نے ان کنڈیشنز میں بہت کرکٹ کھیلی ہے، یہ کنڈیشنز نئی نہیں ہیں، کھلاڑی ان کنڈیشنز کے عادی ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹرائی سیریز کا چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہونا اچھی چیز ہے، اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان کے خلاف بھی کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، ہمیں اپنا کمبی نیشن بنانے کا موقع ملے گا، ہم اس وقت پازیٹو موڈ میں ہیں۔
کیوی کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے خلاف بہت کھیل چکے ہیں، ٹرائی سیریز سے اعتماد میں اضافہ ہوگا، ہم پاکستان میں اکثر کھیلتے رہے ہیں اس لیے کھلاڑیوں کو علم ہے کہ کیسے کھیلنا ہے، میں 2003ء میں شاید یہاں آیا تھا، لمبے عرصے کے بعد آنا مجھے اچھا لگ رہا ہے۔
