(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت کو پیکا ایکٹ ترمیمی بل پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا پیکا ایکٹ ترمیمی بل پر تمام صحافی برادری سراپا احتجاج ہے، حکومت کو بل پر نظر ثانی کرنی چاہئے، گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھول دیئے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک کی وجہ سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری مفاہمت کے بادشاہ ہیں، دونوں فریقوں کو صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی کے پاس ایسی قیادت نہیں جو عوام کے لئے آواز اٹھائے، صوبے میں تعلیم اور صحت سمیت عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، پنجاب میں پیپلز پارٹی کے ناراض جیالوں کو منانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا، پارٹی ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، انہی کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیر اعظم بنائیں گے۔
