(لاہور نیوز) گھروں میں کام کرنے والا گینگ 80 تولے سونا لے اُڑا، سمارٹ سیف سٹی گوجرانوالہ نے کیمروں کی مدد سے ملزمان ٹریس کر لئے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر گھریلوں ملازمہ کے خلاف 80 تولے سونا چوری کی شکایت کی گئی، شکایت موصول ہوتے ہی ملزمان کی سیف سٹی گوجرانوالہ کیمروں سے تلاش شروع کی گئی، کیمروں میں ملزمان کو رکشے میں جاتے دیکھا گیا۔
ترجمان نے بتایا ابتدائی تفتیش کے مطابق 3 خواتین گینگ کے باقی دو ساتھیوں کے ہمراہ رکشہ میں بیٹھ کر فرار ہوئیں، گینگ میں شامل 3 خواتین، 2 مردوں کو رکشہ میں فرار ہوتے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔
سیف سٹی گوجرانوالہ کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے تمام شواہد متعلقہ پولیس کو فراہم کئے، پولیس نے تلاش کے بعد گینگ کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے شہری گھر میں ملازم رکھتے وقت اچھی طرح جانچ پڑتال کے ساتھ پولیس ریکارڈ بھی چیک کریں۔
