(لاہور نیوز) پنجاب کے صوبائی دار الحکومت کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ افراد کے قید ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کی دونوں جیلوں میں اسیران کی تفصیلات کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں اس وقت 6 ہزار 675 اسیران قید ہیں، جیل میں صرف دو ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2024 سے 5 ستمبر تک ڈسٹرکٹ جیل میں 42 قیدیوں کی موت واقعہ ہوئی، جوڈیشل انکوائری کے مطابق 31 افراد کو قدرتی موت آئی، ایک نے خودکشی کی جبکہ 10 افراد کی وجہ موت کا تاحال تعین نہیں ہو سکا ہے۔
اسی طرح سینٹرل جیل لاہور میں بھی گنجائش سے زیادہ افراد قید ہیں، سینٹرل جیل لاہور میں 3810 افراد قید ہیں جبکہ 2360 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے، رپورٹ کے مطابق سینٹرل جیل لاہور میں یکم جنوری 2024 سے 21 ستمبر تک 26 قیدی جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والے قیدیوں میں سے 18 کی موت قدرتی قرار دی گئی جبکہ 8 افراد کی موت کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔