(لاہور نیوز) ویر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کامیابیوں سے بہت سے لوگوں کی نیندیں حرام ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے ہندو میرج ایکٹ کی منظوری دے دی، مریم نواز پنجاب کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سٹارٹ اپس کو رواں سال شروع کیا جائے گا، ای وہیکلز کے حوالے سے پالیسی بنائی جا رہی ہے، ای وہیکلز بہت جلد آپ کو لاہور کی سڑکوں پر نظر آئیں گی، پاکستان کی اصل یوتھ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ساتھ ہے، یوتھ کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز کو بہت پیار مل رہا ہے، دوسرے صوبوں کے عوام سوچتے ہیں کاش ان کے پاس بھی مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ ہوتیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیپ ٹاپس کی تعداد 40 ہزار سے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، سیکنڈ ایئر، تھرڈ ایئر کے بچوں کو بھی ہونہار سکالر شپ پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے 3 کروڑ روپے کا قرض دیا جائے گا، پنجاب حکومت کسانوں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، 9 ہزار ٹریکٹرز کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ڈائلیسز پروگرام کے دوبارہ اجرا کی منظوری دی گئی ہے، گزشتہ حکومت نے ڈائلیسز پروگرام بند کر دیا تھا، جرنلسٹ سپورٹ فنڈ کو ڈبل کر دیا گیا ہے، پنکی اور فرح گوگی کے کارناموں کو کہاں چھپائیں گے، بانی پی ٹی آئی کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر سزا دی جا رہی ہے، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ بانی کی آنکھ نہ کھلنے کے باعث نہیں سنایا جاسکا۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کے ملزمان کو اپنے کیے کی سزا ضرور ملنی چاہئے، 9 مئی کو انقلاب کے بجائے بغاوت کی گئی، کابینہ میں بند لفافہ کیوں منظور کرایا گیا، کیوں بند لفافے کو کھولنے سے منع کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو کیسز کا سامنا کرنا چاہیے۔