(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی کابینہ کا بائیسواں اجلاس آج طلب کر لیا جس میں 88 نکاتی ایجنڈا منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔
پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی ایکٹ 2024 کی منظوری کا ایجنڈا پیش کیا جائے گا، گندم اگانے والے کسانوں کے لئے اعزازیئے کی منظوری کا ایجنڈا پیش کیا جائے گا، چھ سے دس فروری سی پی اے ایشیا اور ساؤتھ ایسٹ ایشیا ریجنل کانفرنس لاہور میں منعقد کروانے کے لئے فنڈز کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس میں چیف منسٹر سپیشل انیشیٹو فور ڈائلیسز پروگرام کی منظوری دی جائے گی، پنجاب سائنس اینڈ کلیو بنانے کا ایجنڈا منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، پنجاب آسان کاروبار فنانس اور سی ایم پنجاب آسان کاروبار کارڈ کے تحت قرضوں کی فراہمی کی سکیم رواں مالی سال میں شامل کرنے کی منظوری دی جائے گی، سرپلس فنڈز کی انویسٹمنٹ کے لئے کیش مینجمنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی جائے گی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سکولوں میں ٹیچنگ انٹرن پروگرام شروع کرنے کی منظوری کا ایجنڈا پیش کیا جائے گا، گریڈ ایک سے 15 میں کنٹریکٹ پر بھرتیاں کرنے کی منظوری کا ایجنڈا پیش کیا جائے گا، ملتان میں الیکٹرک بسوں کے لئے نیا بس سٹینڈ بنانے کیلئے جگہ کی فراہمی کا ایجنڈا پیش کیا جائے گا۔
مزید برآں اجلاس میں 2024 میں آنے والے سیلاب کے پیش نظر کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کیلئے ایک ارب 35 کروڑ 77 لاکھ کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کا ایجنڈا بھی پیش کیا جائے گا، نان فارمل ایجوکیشن کے اساتذہ کا اعزازیہ 12500 سے بڑھا کر بیس ہزار روپیہ مہینہ کرنے کا ایجنڈا بھی پیش کیا جائے گا۔