پارٹی کے خلاف بیان بازی، شوکاز نوٹس جاری، شیر افضل کا میڈیا سے وقتی دوری کا اعلان
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی کیخلاف بیان بازی پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہاکہ میں اپنا مؤقف عمران خان کے سامنے پیش کروں گا جبکہ انہوں نے میڈیا سے ایک ہفتہ دور رہنے کا فیصلہ کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ اپنے ہی دوست میڈیا پر چڑھائی کریں، میں نے کسی پر وار نہیں کیا، لیکن جواب دینے کا حق رکھتا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ میں نے 2018 کے انتخابات میں بہت کم ووٹ لیے تو ایسے لوگوں کو مشورہ ہے کہ پروپیگنڈا کرنے سے قبل تحقیق ضرور کر لیا کریں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں مجھے پی ٹی آئی نے ٹکٹ نہیں دیا تھا جس پر میں تحریک انصاف کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو گیا تھا، پھر جب میں نے الیکشن لڑا تو لکی مروت سے ایک لاکھ 18 ہزار ووٹ لیے، پشاور سے الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔
واضح رہے کہ سلمان اکرم راجہ کے پارٹی عہدے پر سوال اٹھانے کے بعد پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔