مریم نواز کی سیکنڈ اور تھرڈ ایئر طلبہ کیلئے سکالر شپ سکیم تیار کرنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیکنڈ اور تھرڈ ایئر طلبہ کے لئے سکالر شپ سکیم تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کو اگلے سال سے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دینے اور لیپ ٹاپ سکیم کے جلد آغاز کا اعلان کر دیا، مریم نواز شریف نے اگلے سال سے سکالر شپ 50 ہزار کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز شریف نے طلبہ سے وطن عزیز کی عزت و احترام کا عہد لیا، انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم کو پاکستانی ہونا چاہیے، سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر میرٹ پر سکالر شپ مل رہے ہیں، ہونہار سکالر شپ دیکر والدین کا مالی بوجھ بانٹ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہونہار سکالر کیلئے 72 ارب روپے دے رہے ہیں، مجھے 172 ارب روپے بھی کم لگتے ہیں پورا جنوری ہونہار سکالر شپ کے لئے وقف کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے طلبہ سے خطاب میں کہا کہ کوئی محب وطن ایک صوبے سے دوسرے صوبے پر حملہ نہیں کر سکتا، وطن کا کوئی پاسبان قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے اہلکاروں پر حملے نہیں کر سکتا، جان کا نذرانہ پیش کرنے والے وردی پوشوں کی تضحیک برادشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں بھی کسی کو آوازیں کسنے اور حملے کرنے کا کہوں تو مت کریں، ملکی مفادات سے متصادم ریڈ لائن کو کراس نہیں کرنا، میں انتقامی کارروائی میں لگ گئی تو عوام اور طلبہ کے کام کون کرے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میرا ہے، ذرے ذرے اور چپے چپے سے پیار ہے، حملے اور جلاؤ گھیراؤ میں پڑ گئی تو بچوں کو لیپ ٹاپ کون دے گا، اڈیالہ اور کوٹ لکھپت جیل میں 50 ڈگری کی گرمی دیکھی شکوہ نہیں کیا، جب بھی ہاتھ اٹھائے تو ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الزام تراشی کا بیانیہ بنانا کام نہ کرنے والوں کا شیوہ ہو سکتا ہے، دوسرے صوبے سکالر شپ مانگ رہے ہیں ہم دے رہے ہیں، ماں ہوں نفرت پالنے کا درس نہیں دے سکتی، نفرتوں کے دروازے بند اور پرچم کو سربلند رکھیں گے۔