کسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ میرا گھر جلائے اور اسے سیاست قرار دے: سپیکر پنجاب اسمبلی
(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کسی شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ میرے گھر کو آگ لگائے اور اسے سیاست قرار دے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ڈائیلاگ میں جرم اور سیاست کو الگ رکھ کر دیکھنا ہو گا، میری پوزیشن انتہائی غیر جانبدار ہے اور ڈائیلاگ کے حوالے سے میرا اپنا نکتہ نظر ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میرے خیال کے مطابق جن لوگوں نے پریس کانفرنس کر کے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کی وہ بھی جرم میں شریک تھے، ایسا شخص جس کا کردار جھوٹ پر مبنی ہواس کی بات پر یقین نہیں کیا جاسکتا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ 26 نومبر کی عدالتی تحقیقات کےلئے کسی مدعی کا سامنے آنا ضروری ہے، یہ نہیں ہوسکتا نہ لاشیں ہوں، نہ لواحقین اور عدالتی کمیشن کی باتیں بنانے کی کوشش کی جائے۔