(لاہور نیوز) چیئرمین سینیٹ سیّد یوسف رضا گیلانی نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 18 ماہ سے قید سینیٹر اعجاز احمد چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے۔
چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف سینیٹر سید شبلی فراز کی درخواست پر رولز کے مطابق پروڈکش آرڈر جاری کیے، سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر کی کاپیاں سیکرٹری داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب اور متعلقہ حکام کو جاری کر دی گئیں۔
یوسف رضا گیلانی نے احکامات جاری کیے ہیں کہ سینیٹ کے 345ویں اجلاس میں سینیٹر اعجازچودھری کی شرکت کو یقینی بنایا جائے، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اجلاس میں ان کی شرکت ازحد ضروری ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کے قواعد و ضوابط 2012 کے رول 84 کے تحت دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے یہ احکامات جاری کیے، واضح رہے کہ سینیٹ کا اجلاس کل 14 جنوری بروز منگل کو شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔