(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 5 سال میں پنجاب اور پاکستان کی قسمت بدل دیں گے۔
مسکن راوی کے تحت مستحق افراد کو گھروں کی فراہمی کے منصوبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج 100 مستحق افراد کو گھر ملے ہیں، مستحقین کو گھر ملنے پر میرے دل کو تسلی ہوئی ہے، جن لوگوں کو گھر ملے ان کو بہت بہت مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ جو گھر دیئے جا رہے ہیں ان پر سولر یونٹ لگا ہوا ہے، 100 گھروں کے ساتھ ایک سکول ہے، ان گھروں کے ساتھ واٹر فلٹریشن پلانٹ موجود ہے، مجھے ایک خاتون نے کہا یہ گھر واپس تو نہیں لیا جائے گا، خاتون کو تسلی دیتے ہوئے کہا یہ گھر رہتی دنیا تک آپ سے کوئی نہیں لے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اس ملک اور عوام کو 45 سال دیئے ہیں، ایٹمی طاقت، موٹروے، بجلی بنانے کی بات ہوتی ہے تو نواز شریف کا نام آتا ہے، جو بھی منصوبہ اٹھا کر دیکھ لیں اس پر نواز شریف کی مہر ہے، نواز شریف کے ویژن کو فٹ سولجر کی طرح تکمیل دے رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کی بہترین ہاؤسنگ سکیم ہے، پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کے پاس اپنا گھر نہیں، رواں سال ایک لاکھ لوگوں کو اپنا گھر مل جائے گا، 5 سالوں میں 5 لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر دیں گے، پنجاب کے 37 ڈسٹرکٹس میں ہزاروں گھر زیر تعمیر ہیں، کچھ گھروں کی تعمیر جاری ہے اور کچھ بن بھی گئے ہیں، ہم نے مہینوں میں اس سکیم کو کھڑا کر دیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے اس سکیم کا دائرہ کار مزید بڑھانا ہے، مزید لوگوں کو اپنی چھت دینی ہے، لوگ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ان کا اپنا گھر ہو سکتا ہے، آئندہ چند ماہ میں مزید ہزاروں گھر تعمیر ہوں گے، ہم اس سال میں ایک لاکھ گھروں کا ہدف حاصل کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق اور نادار افراد کو گھر کیلئے زمین کا ٹکڑا مفت دیا جائے گا، 10مرلہ پلاٹ والوں کو ایک لاکھ تک قرضہ ملے گا، ہم نے قرضے کی آسان اقساط رکھی ہیں، آپ نے 7 سال میں 15 لاکھ ہی واپس کرنا ہے، ماہانہ قسط 14 ہزار روپے دینی ہو گی، 3 مرلے کے پلاٹس ہزاروں افراد کو دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خوابوں کو محنت سے پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہوں، ڈی سیز، کمشنرز اور پولیس کیلئے پرفارمنس انڈیکیٹرز بنائے ہیں، پنجاب کے عوام نے اعتماد کیا ہے، عوام کا اعتماد اتنا زیادہ ہے کہ لاکھوں درخواستیں آتی ہیں، ایک لاکھ گھروں کیلئے 10 لاکھ درخواستیں آتی ہیں، پنجاب کے عوام جانتے ہیں، جو سکیم نواز شریف شروع کریں گے وہ پوری ہو گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاکھوں کسانوں کو کسان کارڈ دیا گیا، جن کے پاس 10 جانور ہیں ان کو لائیو سٹاک کارڈ دیا گیا، ہم صحت کے شعبے میں بہت ساری اصلاحات لا رہے ہیں، ہم پاکستان میں کینسر کا جدید علاج لا رہے ہیں، کلینکس آن وہیل آپ کی دہلیز پر علاج کر رہے ہیں، بچوں کی ہارٹ سرجریز ہو رہی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلوچستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بچوں کی بھی ہارٹ سرجریز ہو رہی ہیں، پنجاب سب کے کام آ رہا ہے، ہم پورے پنجاب میں صفائی کا نظام لائے، آئندہ چند ہفتوں میں صفائی کا نظام مزید فعال ہو گا، پورے پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو سکالرشپ دیا ہے، میرٹ کے بغیر یا کسی کو سفارش پر سکالرشپ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور بھی جا رہی ہوں، بچوں کو سکالرشپ دوں گی، میرے دماغ میں کوئی تفریق نہیں ، پنجاب میں بسنے والا ہر شخص دل کے قریب ہے، پورے پنجاب میں 400 سڑکیں بن رہی ہیں، یہ ابھی آغاز ہے، 25 الیکٹرک بسیں کراچی پورٹ پہنچ چکی ہیں، پنجاب کیلئے 500 بسیں آ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے ہم روٹی 25 روپے سے 13 روپے پر لائے، میری اپنی ٹیم سے لڑائی رہتی ہے کہ آٹے اور روٹی کی قیمت بڑھنی نہیں چاہئے، یہ ابھی آغاز ہے، عوام نے ایسے ہی اعتماد دیا تو آئندہ 5سال میں عوام اور پاکستان کی قسمت بدلے گی۔