(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
سیشن کورٹ اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ اور وکیل صفائی خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل خالد یوسف چودھری نے بشریٰ بی بی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس پر پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اپنے ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے۔
جج افضل مجوکا نے وکیل صفائی سے استفسار کیا کہ آپ نے ابھی تک ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے؟ جس پر وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ آج 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ہے، بشری ٰبی بی نے اڈیالہ جیل جانا ہے۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ عدالتی حکم پر عمل درآمد ہی نہیں کر رہے، آپ کی عبوری ضمانت کی تینوں درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی پر 26 نومبر کے احتجاج پر مقدمات درج تھے۔