(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کر دی جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کا امکان ظاہر کر دیا۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے، بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا، تاہم مشرقی و شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر بارش ہوئی، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ سب سے زیادہ بارش پنجاب کےشہر اوکاڑہ 12، نارووال 11، ساہیوال 7، بہاولنگر، قصور3، 3 اور سیالکوٹ ایئرپورٹ میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی، دوسری جانب بالائی علاقوں میں کم سےکم درجہ حرارت میں لہہ، استور، گوپس ،سکردو منفی 10، بگروٹ، کالام اور گلگت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔