(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان سزا سے نہیں بچ سکتے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عمران خان کیخلاف سازشوں میں ملوث ہیں اور خود بانی کو جیل میں رکھنا چاہتے ہیں، پروپیگنڈا کیا گیا کہ عمران خان سے بیک ڈور مذاکرات ہو رہے ہیں، کہا گیا بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ مذاکرات کو لیڈ کر رہی ہیں،
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ سےمتعلق بانی کو کہا تھا یہ نہ کریں، بانی پی ٹی آئی نے دستخط کیے تھے، کس نے یہ کروایا تو اب کوئی نہیں مانے گا، ساڑھے چار سال پہلے جرم آپ نے کیا اس وقت بھی عمران خان کو روکا تھا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غنڈہ گردی اور دھرنے کر کے دیکھ لیے، کوئی فائدہ نہیں ہوا، بانی پی ٹی آئی سے بارہا کہا کہ حواری آپ کو نہ صرف قید میں رکھنا بلکہ مروانا چاہتے ہیں، بیرون ممالک کے دباؤ کا جو پروپیگنڈا کیا جارہا تھا وہ تھم گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ضرور ہو گی، 190ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، پی ٹی آئی کو 20 جنوری کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، یہ واضح ہےکہ نہ بیرونی دباؤ ہے اور نہ بیک ڈور مذاکرات ہو رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں ہے، مذاکرات کا سب سے بڑا حامی ہوں، جمہوریت کا حسن ہی بات چیت ہے، مذاکرات میں بے ایمانی نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی والے مذاکرات کے مزے لے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کوئی ایگزیکٹو آرڈر نہیں ملےگا۔
فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کر کے فارم 47 والی حکومت کو قانونی جوازدے دیا ہے، پی ٹی آئی در در پر کشکول لے کر بھیک مانگ رہی ہے، آرمی چیف کی بدولت پاکستان کو کامیابی حاصل ہونے جا رہی ہے، پاکستان کیلئے آئندہ چند دنوں میں بہت بہتری آنیوالی ہے۔