(لاہور نیوز) توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور ان کے وکیل کی عدم حاضری پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی اور ان کے وکیل آج عدالت پیش نہ ہو ئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
سماعت کے دوران چوتھے گواہ کابینہ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد احد پر جرح مکمل کر لی گئی، جرح بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے کی، سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ طلعت کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکلا کی جانب سے آئندہ سماعت پر گواہ پر جرح مکمل نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی ہدایت کر دی جبکہ آئندہ سماعت پر مجموعی طور پر مزید پانچ گواہان کو بھی طلب کر لیا گیا۔
عدالت نے محمد شفقت، قیصر، عمر صدیق، محسن اور فہیم کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کیا ہے۔
بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔