(لاہور نیوز) زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم اور چینی کی درآمد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
تین سالوں میں گندم درآمدات 17 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 26 لاکھ ٹن پر پہنچ گئیں، گندم درآمد کرنے کی نرخ میں سو فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
سال 2020-21 میں پاکستان نے 17 لاکھ ٹن گندم درآمد کی، درآمد کرنے والی گندم 45 روپے 80 پیسے کے نرخ سے پاکستان پہنچی، سال 2021-22 میں 22 لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی تھی، سال 2021-22 میں 60 روپے 70 پیسے فی کلو کے حساب سے گندم منگوائی گئی تھی۔
مزید برآں سال 2022-23 میں 26 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی گئی، سال 2022-23 میں 104 روپے 50 پیسے کے حساب سے گندم منگوائی گئی۔
دوسری طرف دو سالوں کے دوران چینی کی درآمد میں بھی سو فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا، سال 2020 میں 1 لاکھ 30 ہزار ٹن چینی منگوائی گئی جو کہ 71 روپے فی کلو کے حساب سے پڑی، سال 2021 میں اس درآمد میں سو فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور 3 لاکھ ٹن سے زائد چینی منگوائی گئی، اسی سال فی کلو چینی 105 روپے کے حساب سے منگوائی گئی۔
گندم روس، یوکرین ، بلغاریہ ، رومانیا اور فرانس سے منگوائی گئی جبکہ چینی مصر ، برازیل ، الجیریا اور عرب امارات سے منگوائی۔