پنجاب: ترقیاتی سکیموں و منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کیلئے نئی حکمت عملی مرتب
(لاہور نیوز) وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں ترقیاتی سکیموں اور منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی نئی حکمت عملی مرتب کر لی گئی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرامز (اے ڈی پی) کے جائزہ اجلاس مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہا، اس موقع پر "کمیونیکشن اینڈ ورکس" اور "لوکل گورنمنٹ'"سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین نبیل احمد اعوان، سیکرٹری آصف طفیل کی شرکت، دیگر وزارتوں کے سیکرٹری بھی اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی سکیموں پر نصف سال کی کارکردگی، شفافیت، بروقت تکمیل اور نئی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فیز ٹو میں آنے والی نئی سکیموں پر پیشگی کام شروع کرنے کا فیصلہ ہوا جبکہ پنجاب میں اگلے سال میں آنے والی ہر شعبے کی سکیم کا ورک آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 904 بنیادی ہیلتھ یونٹس مکمل کر لئے گئے، اگلے مہینے فروری تک تمام ترقیاتی منصوبوں کیلئے 262 ارب جاری کر دئیے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب کی 20 ہزار سے زائد دیہات میں اوپن سیوریج کے مسائل پر جامع منصوبہ بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیو اور سٹنٹنگ کا سبب سیوریج لیکج ہے، لیکج روکنے کیلئے بہتر اور پائیدار سیوریج بنانے کا منصوبہ تیار ہو گا، جس کیلئے 100 ارب روپے تکمیلی منصوبوں پر مزید خرچ ہوں گے۔
پہلی بار محکمہ "سی اینڈ ڈبلیو" نے فنڈز کے فوری، موثر اور شفاف استعمال کی تاریخ لکھی، سی اینڈ ڈبلیو کی 1602 سکیمیں جن میں 528 جاری، 1074 نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں جبکہ 376 چھوٹی سڑکوں بارے طریقہ کار بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اجلاس میں بریف کیا گیا کہ عوامی سہولت کیلئے اب تک 72 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، یہ تناسب گزشتہ 10سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، سڑکوں کی معیاری تعمیر کیلئے ٹھیکیداروں کو میرٹ پر ٹھیکے دیے گئے، تعمیر شدہ سڑکوں کے معائنے اور نگرانی کا عمل بھی جاری ہے جبکہ تعمیراتی سامان اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
اس کے علاوہ وزیراعلی پنجاب کی جناب سے پارکس اور قبرستانوں کیلئے فوری فنڈ جاری کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں، مریم اورنگزیب نے بتایا کہ " لوکل گورنمنٹ کی 3404 سکیمیں ہیں جن میں 136جاری ہیں جبکہ 3268 نئی سکیمز شامل کی گئی ہیں۔
اسی طرح اجلاس میں راولپنڈی کے گاٶں ڈیہلا، رائیونڈ میں پانی فراہمی کی بحالی کے منصوبے، پنجاب میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے مقامات اور سیالکوٹ سے بس سٹینڈ کی منتقلی کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گٹروں کے ڈھکن، پائپ لائنوں اور گندے پانی کے نقاص کو مقامی آبادی کی ضرورریات کے مطابق بنانے کی ہدایت جاری کی گئیں، مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی کا ستھرا پنجاب منصوبہ کم لاگت ہے، ترقیاتی کاموں میں سستی برداشت ہو گی اور نہ ہی معیار پر سمجھوتہ ہو گا۔