(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسی کے اقتدار کے لالچ کا ایندھن نہیں بننا، کونسی سیاست بچوں کو کہتی ہے کسی سے اس کاماں باپ چھین لو۔
سرگودھا یونیورسٹی میں ہونہار طلبا میں سکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کسی کے اقتدار کے لالچ کا ایندھن نہیں بننا، حسان نیازی کو 10سال قید ہوئی، اس کے والدین سے پوچھیں کیا بیت رہی ہے، حسان نیازی جب 10سال بعد رہا ہو گا تو دنیا بدل چکی ہو گی، حسان نیازی بانی پی ٹی آئی کا بھانجا اور وکیل بھی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تہذیب کے دائرے میں بھی سیاسی مخالفت ہو سکتی ہے، کون آپ کیلئے کام اور کون بربادی کا سامان کر رہا ہے فیصلہ آپ نے کرنا ہے، کونسی سیاست بچوں کو کہتی ہے کسی سے اس کا ماں باپ چھین لو۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی پر بہتان لگانا بہت بڑا گناہ ہے، آپ مکافات عمل ہی بھگت رہے ہیں، سیاسی اختلاف کیلئے جناح ہاؤس جلانےکی ضرورت نہیں، سیاسی اختلاف کیلئے گرین بیلٹس کو آگ لگانے کی ضرورت نہیں، سیاسی اختلاف کیلئے میٹروبس کے جنگلے توڑنے کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچہ جیل میں ہو تو ماں باپ کو کیسے نیند آتی ہو گی، سنی سنائی باتوں پر آنکھیں بند کر کے یقین نہ کریں، دوسروں کے بچوں کو استعمال کرنے والے کو پہچانو، جنہوں نے بہکاوے میں آکر ملک میں آگ لگائی وہ آج جیلوں میں ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمارتیں جلانے، میٹروبس توڑنے، گھیراؤ کرنے والا آپ کا ہمدرد نہیں، چاہتی ہوں نوجوان اپنی ذمہ داری کو پہچانیں، کچھ بھی ہو جائے ملک کی خلاف نہ جائیں، ہم اپنے ملک کو ترقی میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے، ملک ہمارا ہے اس سے وفا کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔